کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے کورونا وبا کے پیش نظر کشمیری نظربندوںکی فوری رہائی کامطالبہ

سرینگر30 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے کورونا کی تیزی سے پھیلتی ہوئی مہلک عالمی وبا پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت اور جموںوکشمیر کی مختلف جیلوںمیں غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیریوںکی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اگست2019سے پہلے اور اس کے بعد گرفتار کئے گئے کشمیری نظربندوںکی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ بڑی تعداد میں حریت رہنما، کارکن اور ہزاروں کشمیری نوجوان نئی دلی کی تہاڑ جیل، کوٹ بھلوال جیل جموں، جودھپور، آگرہ ، ہریانہ اور مختلف جیلوں میںمسلسل غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیری نظربندوںکو خاص طور پر کورونا کی قہر انگیز وبا کے پیش نظربن فوری طور رہا کیا جاناچاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری نظربندوں کے عزیز و اقارب اوررشتہ داروںکو ان کی صحت اور سلامتی کے بارے میں شدید خدشات اور ذہنی اضطراب میں مبتلا ہیں۔مولوی بشیر احمد نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ انسانیت کی عظیم قدروں کو مد نظر رکھتے ہوئے مہلک وبا کے پیش نظر کشمیری نظربندوںکی فوری رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہاکہ مسلسل نظربندی اور جیلوں کی ابتر صورتحال کے باعث بیشتر نظربندوںکی جسمانی اور ذہنی صحت گرہی ہے جس پر تمام کشمیریوں کو شدید تشویش اور پریشانی ہے اور عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس پر فوری توجہ مرکوز کر نی چاہیے ۔حریت رہنماء نے واضح کیاکہ ظلم و تشدد ، گرفتاریوںاور نظربندیوںکے غیر انسانی اور غیر جمہوری اقدامات سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔