ظلم کی انتہا۔سفاک باپ نے بیٹے۔ بہو اور پوتیوں کو زندہ جلادیا

(ویب ڈیسک) بھارت میں درندہ صفت باپ نے جائیداد کے تنازع پر بیٹے، بہو اور دو معصوم پوتیوں کو آگ لگا کر مار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست کیرالا میں پیش آیا جہاں معمر شخص نے جائیداد کے معاملے پر اپنے بیٹے، بہو اور پوتیوں کو جلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ سفاک باپ نے پہلے گھر کو باہر سے تالا لگایا اور پھر مکان کے اندر پٹرول پھینک کر آگ لگا ئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اپنے خاندان کی جان لی،ظالم باپ نے گھر کی ٹینکی سے پانی بھی ختم کردیا تھا تاکہ کوئی آگ کو بجھا نہ سکے، شدید آتشزدگی کے سبب پڑوسی بھی مدد نہیں کرپائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو عملے نے آگ پر قابو پانے کے بعد لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

 

 

جائے وقوع پر باپ اور بیٹی کی لاش آپس میں لپٹی ملی، ممکنہ طور پر آگ لگنے پر دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا تھا جس کی وجہ سے باپ بیٹی کے مردہ جسم کو الگ کرنے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم  کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔