
محبوبہ مفتی نے سابق گورنر ستیہ پال ملک کو دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا تیس دونوں کے اندر بطور معاوضہ دس کروڑ روپے ادا یا پھر قانونی کاروائی کا سامنا کریں
سری نگر() مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی اورپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے روشنی سکینڈل میں اپنا نام لیے جانے پر مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کو دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ ستیہ پال ملک جو اس وقت بھارتی ریاست میگھالیہ کے گورنر ہیں نے اپنے ایک بیان میں محبوبہ مفتی پر روشنی ایکٹ کے تحت سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔محبوبہ مفتی نے 20اکتوبر کو اپنے ایک ٹویٹ میں بیان واپس نہ لینے کی صورت میں ستیہ پال ملک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔محبوبہ مفتی نے اپنے نوٹس میں مقبوضہ علاقے کے سابق گورنر سے کہا ہے کہ وہ تیس دونوں کے اندر بطور معاوضہ دس کروڑ روپے ادا یا پھر قانونی کاروائی کا سامنا کریں۔کے پی آئی کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ نوٹس مقبوضہ علاقے کی ہائیکورٹ کی جموں ونگ کے سینئر وکیل انیل سیٹھی کے ذریعے ستیہ پال ملک کو بھجوایا ہے۔