ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ بروز اتوار 24 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا پاکستان بھارت اورکشمیر کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کو میچ کابے صبری سے انتظار

دبئی () ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ بروز اتوار 24 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم  میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ اتوار کو  شام 7 بجے کھیلا جائے گا ۔ پاکستان بھارت  اور جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کو  اس میچ کابے صبری سے انتظار ہے۔دونوں ٹیمیں رواں ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلیں گی۔ ادھر  بھارت ا کے چند سیاستدانوں کی جانب سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے میچ کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ بھارت کی عام آدمی پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ہم کشمیر میں اپنے لوگوں پر حملے ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم بھی میچ کے خلاف ہمارے موقف کی حمایت کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی جب اپوزیشن میں تھے تو سوال اٹھایا کرتے تھے کہ جب کشمیر میں  لڑائی ہو رہی ہے تو ہمیں کیا ضرورت ہے پاکستان کی ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنے کی۔اس سے قبل پونا حکومت کے یونین منسٹر رام داس بھی پاکستان اور اںڈیا میچ کی مخالفت کر چکے ہیں۔تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلہ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے۔ قابل زکر امر یہ ہے کہ جموں وکشمیر میں پاکستان اور بھارت کے میچ کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے میچ  کے دوران کشمیری پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے رہے ہیں۔ادھر ایک رپورٹ کے مطابق  ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج معرکے کو سیاست سے پاک رکھنے کا مشن شروع کر دیا گیا جس کے تحت میدان میں سیاسی بینرز لے جانے پر سخت پابندی عائد ہو گی اور خلاف ورزی کا مرتکب میدان سے باہر جائے گا۔حکام کے مطابق پرستار سیاسی بینرز چھپا کر لاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کیلئے سیاسی بینرز بڑی تعداد میں تیار کئے گئے ہیں جن کو میدان میں پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری طرف کرکٹ شائقین اس معرکے کو دیکھنے کیلئے بے تاب اور پرجوش ہیں۔