مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیا جائے تحریک وحدت اسلامی تنازعہ کشمیر کو اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کیاجائے

سری نگر()تحریک وحدت اسلامی جموں وکشمیر  نے  عالمی برادی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر  میں جاری بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔  ترجمان تحریک وحدت اسلامی نے سرینگرسے جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے 5اگست 2019کے بعد کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور قابض بھارتی فورسز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو روز جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آتے ہی فوج کو مقبوضہ علاقے میںآپریشن آل آٹ کا حکم دیاتھا جسکے تحت اب تک ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں کے قتل عام اورعلاقے میں انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے دنیا میں رسوا ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبرو استبداد کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کو دبا سکتاہے۔انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر، پلوامہ اور دیگر اضلاع میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تمام تر سفا کانہ کارروائیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی مستحکم و توانا ہے اور وہ شہداکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان نے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی مرحوم کے نواسے انیس الاسلام سمیت دیگر کشمیری مسلمانوں کو نوکریوں سے برطرف کرنے کے مودی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتقامی کاروائی قرار دیا۔ ترجمان نے حالیہ دنوںمیں گرفتار کیے گئے سینکڑوں بیگنا نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔