چین اور آسٹریلیا کا سیلاب متاثرین کیلیے 1 کروڑ 64 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

اسلام آباد: چین اور آسٹریلیا نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین اور بحالی کے لیے ایک کروڑ 64 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلیے 100 ملین یوآن (ایک کروڑ 44 لاکھ ڈالر) امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 25000 خیموں اور دیگر امدادی اشیا کے ساتھ چینی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج اور کل کراچی پہنچیں گی۔ چینی سفیر کراچی میں امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے ۔

چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام سے یکجہتی کے پیغامات بھیجے ہیں۔صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو چینی قیادت کی جانب سے پیغام پاکستان میں سفیر نونگ رونگ نے پہنچایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا آسٹریلیا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کر دیا۔ محکمھ امور خارجہ و تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب پر ہنگامی انسانی مدد کے تحت مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے امداد ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد پر آسٹریلیا کی حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ یہ اقدام قابل تحسین اور انسانیت دوستی کا مظہر ہے۔

دوسری جانب امریکی سیاسی رہنماؤں  کی جانب سے بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع ، فصلوں، مویشیوں اور انفرا اسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان سمیت وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس ہوا۔

مشیر برائے امریکی سیکرٹری خارجہ ڈیرک شولے نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع و دیگر نقصانات اور ان کے اثرات پر بہت غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں سینیٹر جم رِش کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس ویمن شیلا جیکسن نے امریکی صدر کے نام خط میں  سیلاب زدگان کے لیے فوری مدد کی درخواست کی ہے۔