کشمیری عوام 14اگست کو یوم آزادی پاکستان شایان شان طریقے سے منائیں گے

سرینگر  بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 14 اگست کویوم آزادی پاکستان کوپورے مقبوضہ علاقے میں شایان شان طریقے سے منانے اور 15 اگست کوبھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور منانے کا اعلان کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک پیغام میں کہاکہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی اس جدوجہد کی حقیقت ہے جس کا تصور شاعر مشرق علامہ اقبال نے پیش کیا تھا۔

انہوںنے کہا پاکستان امت مسلمہ کی پناہ گاہ ہے یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام رواں سال بھی پاکستان کا یوم آزادی انتہا ئی جوش و جذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائیں گے۔حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں جس کا اظہار ہم 14 اگست کو بھر پور انداز میں کرکے عالمی برادری پر واضح کردیں گے کہ ہم بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر اپنی نفرت کا اظہار کریں گے۔