شاہ محمود کا فارن فنڈنگ کیس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بلانے کا مطالبہ

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے فارنگ فنڈنگ کیس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بلانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساری توجہ پی ٹی آئی پر ہے لیکن ہم الیکشن کمیشن سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ہم تو الیکشن کمیشن میں حاضر ہیں دیگر سیاسی جماعتوں کا کیا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کیس میں کچھ بھی نہیں اور ہمیں جتنے بھی فنڈز ملے سب قانونی ہیں، ہی ٹی آئی کو ممنوعہ فنڈنگ نہیں ہوئی جبکہ ہمارے وکیل نے ولی خان کیس کا حوالہ بھی دیا۔

شاہ محمود نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ہی پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی کے وکیل کو دلائل کے لیے مزید تین دن درکار ہیں لہٰذا ہمیں 27، 28 اور 29 کی تاریخ دی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سکروٹنی کمیٹی کا ایک منڈیٹ تھا لیکن اُس نے اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا ہے، ہمارا دامن صاف ہے پاکستان کی عوام اور اوورسیز نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے۔