ورنن فیلنڈر نے لاہور میں مہمان نوازی کو یادگار قرار دے دیا

لاہور: پاکستانی ٹیم کے غیر ملکی بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فیلنڈر نے لاہور میں مہمان نوازی اور اپنے قیام کو یادگار قرار دے دیا۔

جنوبی افریقا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر اور پاکستانی ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فیلنڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں پاکستان میں گزارے حالیہ دنوں کو یاد کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم بالخصوص لاہور کے باسیوں کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ لاہور میں پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ زبردست وقت گزارا، سب نے بہت عزت اور پیار دیا، اور خاص طور پر لاہوریوں کی مہمان نواز اور پیار دیدنی اور قابل تعریف تھا، یقین ہے کہ بہت جلد دوبارہ لاہور واپسی ہوگی، اب وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کچھ خاص کردکھانے کا ہے۔

فلینڈر 6اکتوبر کو لاہور پہنچے تھے، اور وہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستانی بولرز کے ساتھ کافی متحرک دکھائی دیئے، دو دفعہ پی سی بی نے ان کی ورچوئل پریس کانفرن کا اعلان کرکے اسے منسوخ کیا۔ فیلنڈراب آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا حصہ ہوں گے۔