ناصر حسین کیلئے زیک کرائولی کو پاکستانی پلیئرز کی مبارکباد بہترین لمحہ

شاہین آفریدی اور نسیم شاہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کا اثاثہ ثابت ہونگے :مائیکل ہولڈنگ

لاہور  52 سالہ سابق انگلش کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا بہترین لمحہ وہ تھا جب پاکستانی کھلاڑیوں نے ڈبل سنچری بنانے والے انگلش بیٹسمین زیک کرالی کی تالیاں بجا کر حوصلہ افزائی کی جبکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ ٹور کرکے شاندار مثال قائم کردی ۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کے دوران شین وارن، مائیکل ہولڈنگ، مائیکل ایتھرٹن اور ایشا گوہا نے بھی سیریز کے یادگار لمحات پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیریز کا اختتام بہت اچھے ماحول میں ہوا اور انہیں پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ میں کھیلتے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستانی فاسٹ باؤلرز شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی عمر یکجا کرنے پر بھی جیمز اینڈرسن سے کم ہے مگر پورا یقین ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کیلئے ایک اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔