حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد سے دستبردار نہیں ہو سکتے پیر عبدالصمد انقلابی بھارتی قابض فورسز نے لاکھو ں کشمیریوں کا محاصرہ کر کے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے

سری نگر()اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے  لاکھو ں کشمیریوں کا محاصرہ کر کے  ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔  ایک بیان میں انہوں نے فورسز کی طرف سے بے گناہ جموں کشمیر کے لوگوں اور نوجوانوں کے بڑے پیمانے پر قتل کی مذمت  کی ہے ۔۔ چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ وہ طاقت کے بل پر جموں کشمیر کے لوگوں کو جو اپنا حق حق خود ارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد سے ہرگز دستبردار نہیں کر سکتا۔ جموں کشمیر کے لوگ اپنی مقدس اسلامی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے کیونکہ انہوں نے اس اسلامی تحریک آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جنہیں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔پیر عبدالصمد انقلابی  نے کہا ہے کہ جب تک نہ مسئلہ جموں کشمیر لوگوں کو اقوا م متحدہ و سلامتی کونسل کی قرار دادوں خصوصا 5 جنوری 1949 کی قرارداد اور جموں کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی اور استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اور مسئلہ جموں کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ چیئرمین نے جنوب شمال اور سرینگر میں شہید ہونے والے پاک باز نوجوانوں کو شاندار اور بہترین الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی سیکورٹی فورسز نے جموں کشمیر میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بیگناہ جموں کشمیر کے لوگوں اور نوجوانوں کو قتل کر رہے ہیں۔ چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارتی سیکورٹی فورسز نے لاکھوں جموں کشمیر کے لوگوں کو اپنے محاصرے لے رکھا ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔