ہماری کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو غیر ملکی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، رمیز راجا

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز حسن راجا کا کہنا ہے کہ ہماری کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو غیر ملکی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی۔

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ کو پسند کرتے ہیں، ہمیں اپنے کرکٹ گراؤنڈ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہماری پچز اور گراس روٹ کرکٹ کا بہت برا حال ہے، ہمارے پاس اسکول اور کالجوں کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ بھی اچھی نہیں،جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی، آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہوں گی۔

رمیز راجا نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے جانے سے دو باتوں کا اندازہ ہوا، ایک یہ کہ اگر آپ کی ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، دوسری یہ کہ اگر کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو بھی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، ہمارے پڑوسی ملک میں سرمایہ کاری سے کرکٹ بہت آگے نکل گئی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ہماری ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے بہتر ٹیم بنائیں۔ ہماری کرکٹ آئی سی سی کی فنڈنگ پر چل رہی ہے، ہمارے مقامی سرمایہ کاروں کی حصہ داری کم ہے، ہمیں کرکٹ کی معیشت کو درست کرنا ہے، میرا کراچی آنے کا مقصد ہے کہ کرکٹ اکانومی میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے، ہم قومی کرکٹ کو نمبر ون بنانے کے لئے کام کریں گے، بزنس کمیونٹی اور ہمیں ایک پیج پر ہونا ہوگا، بزنس کمیونٹی آگے آئے اور ہم کام کریں گے، ہمیں بہت کام کرنا ہے اور ہم کرکے دکھائیں گے۔