اداکارہ نورا فتیحی سے فراڈ اوربھتہ خوری کیس میں 4 گھنٹے تفتیش

نئی دہلی: بالی وڈ اداکارہ نورا فتیحی سے دہلی پولیس نے فراڈ اور بھتہ خوری کیس میں 4 گھنٹے تک تفتیش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 200 کروڑ بھارتی روپے کی بھتہ خوری اور فراڈ کے کیس میں اداکارہ نورا فتیحی سے 4 گھنٹے تفتیش کی گئی۔نورا فتیحی پر 200 کروڑ بھتہ اور فراڈ کے مرکزی ملزم سکیش چندر شیکھر سے مہنگی گاڑی سمیت قیمتی تحائف لینے کا الزام ہے۔

نورا فتیحی کا کہنا ہے کہ انہیں گاڑی چندر شیکھر کی بیوی نے ایک خیراتی پروگرام میں شرکت کرنے پر تحفتاً دی تھی۔ نورا فتیحی سے کیس کے گواہ کے طورپر پوچھ گچھ کی گئی۔

دوسری جانب 200 کروڑ بھتہ خوری اور فراڈ کیس میں نامزد ملزم اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے الزام عائد کیا تھا کہ نورا فتیحی سے نرم رویہ رکھا جا رہا ہے جبکہ ان سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ جیکولین فرنینڈس پرسکیش چندرشیکھر سے کروڑوں کے تحائف لینے اور چندرشیکھر کی سرگرمیوں سے واقف ہونے کے الزامات ہیں۔