فاسٹ باؤلرعمرگل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا

لاہور: پاکستان کے فاسٹ بالر عمر گل نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے 47 ٹیسٹ ، 130 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔

خطرناک یارکرز کے لیے شہرت رکھنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عمرگل ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔ قومی  ٹی ٹوئنٹی کپ کے آخری گروپ میچ کے ساتھ ہی عمر گل نے پیشہ وارانہ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ۔ میچ کے بعد گفتگو کے دوران ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر گل کئی بار آبدیدہ ہوئے اور پُرنم آنکھوں کے ساتھ انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑیوں اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بلوچستان اور سدرن پنجاب کے کھلاڑیوں نے دونوں جانب قطار بنا کر  بلے ہوا میں لہرا کر انھیں گارڈ آف آنر دیا۔
سوشل میڈیا پر36 سالہ عمر گل نے اپنے  پیغام میں لکھا کہ وہ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے لیکن ایک دن سب نے جانا ہے ، یہ ایک مرحلہ ہے جس سے سب کو گزرنا ہوتا ہے،انہوں نے  بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیشہ پاکستان کے لئے دل سے کھیلا اور اپنی100 فیصد کارکردگی دی۔ کرکٹ ہمیشہ سے میری محبت اور جنون ہے اور رہے گا۔
عمر گل نے پیغام کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ، کوچز اور اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران ساتھ رہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔فاسٹ بالر نے خصوصی طور پر میڈیا اور اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب پی سی بی نے بھی کامیاب کیریئر پر عمرگل کو سراہتے ہوئے خیرسگالی کا پیغام جاری کیا ہے۔
عمرگل کی وجہ شہرت ان کی یارکر گیندیں ہیں جنھیں وہ اس خوبی سے استعمال کرتے تھے کہ دیکھنے والے جہاں پرجوش ہوجاتے وہیں اسے  کھیلنے والوں کے ہوش اڑ جاتے تھے۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بالادستی میں عمر گل کی جاندار باؤلنگ نے اہم  کردار ادا کیا خصوصا  2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی باؤ لنگ نے پاکستان کو ورلڈ چیمپئن بنانے میں مدد دی۔اس عالمی مقابلے میں انھوں نے سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ 2007 میں پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے    13 وکٹیں حاصل کی تھیں جو اس ایونٹ میں کسی بھی باؤلر کی سب سے زیادہ وکٹیں تھیں۔
واضح رہے کہ عمر گل نے 47 ٹیسٹ میچوں میں 163 ، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 179 اور 60 جبکہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ عمر گل فرسٹ کلاس کرکٹ میں 479 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
عمر گل نے پاکستان کے لئے ٹیسٹ ڈیبیو بنگلادیش کےخلاف اگست2003  میں کیا تھا جبکہ انہوں نے پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف اپریل 2003 میں کھیلا تھا۔ عمر گل نے پاکستان کے لئے پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ کینیا کے خلاف ستمبر2007 میں کھیلا تھا۔