
بھارتی حکومت کو چاہئے کہ وہ جلدازجلد جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرے آرٹیکل 370اور 35 اے کی بحالی کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ محبوبہ مفتی
مینڈھر()پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370اور 35 اے کی بحالی کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ بھارتی حکومت کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر کو جلدازجلد ریاست کا درجہ دے ۔ مینڈھر میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر نے کہاکہ بھارتی حکومت نے غیر آئینی طریقہ سے جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ہٹا یا ہے جبکہ جموں وکشمیر کو تقسیم کرنے کا عمل بھی قبول نہیں کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی حکومت نے جموں وکشمیر کی عوام کیساتھ وعدہ کیا تھا کہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاہم اب عوام کو ایک بڑی الجھن میں ڈال دیا گیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق پی ڈی پی صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن و کشمیر معاملے پر پارٹی کی پوزیشن واضح ہے جبکہ اس سلسلہ میں لڑائی کو جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں و کشمیر میں اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد روز گار کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے تاہم بھارتی حکومت نے ابھی تک عوام و بے روز گار نوجوانوں کیلئے کوئی واضح پالیسی نہیں بنائی ۔