او آئی سی جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے اپنی ٹیم کشمیر بھیجے ۔ حریت کانفرنس قابض فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے

سری نگر()کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے تحریری بیان کے ذریعے اس مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر اور فلسطین میں قابض فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔یہ بیان اوآئی سی کی طرف سے جنیوا میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے جمع کرایا۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور مزاحمتی تنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اوراسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے اپنی ٹیمیں مقبوضہ علاقے میں بھیجیں۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کی قراردادوں کو پامال کرنے پر بھارت پر پابندیاں عائد کرے۔ انہوںنے کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارت ایک فسطائی ریاست بن چکا ہے جسکا اگر نوٹس نہیں لیا گیا تو پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔