سری نگر حیدر پورہ سیل، شہریوں کی نقل وحرکت پر پابندی بھارتی حکام نے سری نگر میں بھاری فوجی نفری تعینات کر دی ہے

سری نگر() حیدر پورہ سری نگر میںقائد تحریک آزادی کشمیر شہیدسیدعلی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ میں لوگوں کی شرکت سے روکنے کے لیے حیدر پورہ سیل کر دیا گیا ۔ بھارتی حکام نے سری نگر میں بھاری فوجی نفری تعینات کر دی ہے ۔تحریک حریت جموں وکشمیرنے جمعہ کو حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ اداکرنے کی اپیل کی تھی ۔ بھارتی فورسز نے  پورے علاقے کو دوبارہ سیل کر دیا ہے شہریوں کی نقل وحرکت پر پابندی لگا دی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی جمعہ کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ان کی قبر کی طرف ایک بڑا مارچ کرنے کی اپیل کی تھی ۔  یہ اعلان علی گیلانی کی جبری تدفین کے خلاف غم و غصے کے اظہار کیلئے جاری احتجاجی پروگرام کے تحت کیاگیا تھا ۔ مارچ کا مقصد جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے تجدید عہد کرنا بھی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بزرگ رہنما نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔ سید علی گیلانی کے جدوجہد آزادی کشمیر کے ساتھ غیر متزلزل عزم کوجموں وکشمیر کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔انہوں نے ہر کشمیری میں بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کا جذبہ پیدا کر کے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی کو حراست کے دوران میں قتل کیا لیکن یہ ان کی جذبہ حریت کو دفن نہیں کرسکا۔ آج ہر کشمیری میںسیدعلی گیلانی کی روح سرایت کر چکی ہے اور وہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا چاہتا ہے اور کشمیری اس مقصد کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔مودی حکومت نے لوگوں کو سیدعلی گیلانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہ دے کر بزرگ رہنما سے انکی محبت کو ختم نہیں کرسکتا۔ کشمیری عوام اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ان کے پاس اتحاد اور عزم کے ساتھ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے