انٹربینک میں ڈالر کی ایک مرتبہ پھر اونچی پرواز

کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 1.93روپے اضافے سے 186.36 روپے کا ہوگیا۔

گزشتہ تین روز میں ڈالر کی قدر میں 4.78 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے، تین روز پہلے انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 181.58 روپے تھی۔

آئی ایم ایف قرض پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے پیٹرول کی قیمتوں اور پاور ٹیرف میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان سے درآمدی بل کا حجم ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے خطرات کے سبب بدھ کو تیسرے روز بھی ڈالر کی پرواز جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی افق پر غیر یقینی کی صورتحال اگرچہ کافی حد تک بہتر ہوچکی ہے لیکن معاشی استحکام کے لیے مطلوبہ اقدامات اور وسائل کی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات جاری رکھنے کے لیے دوبارہ پلان ترتیب دینا ہوگا۔

گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ یکے بعد دیگرے 184, 185 اور 186 روپے سے بھی زائد ہوگیا تھا۔