بھارت کوجموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

سرینگر12 اگست ( ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنا آزادی کا جشن منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔
 ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جب تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کرنے کا حق نہیں دیا جاتا مقبوضہ علاقے میں بھارت اور اسکے حواریوں کی طرف سے یوم آزادی کی تقاریب منعقد کرنا زبردستی کہلائے گا اور پوری دنیا جانتی ہے کہ آزادی کے جشن زبردستی نہیں بلکہ من مرضی سے منائے جاتے ہیں۔انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ  جموں وکشمیر کے سرکاری ملازمین کو بھارت کے یوم آزادی کی نام نہاد تقریبات میں شامل ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔انہوںنے بھارت سے سوال کیا کہ یہ کیسا جشن آزادی ہے جس میں شہریوں کو شامل ہونے پرمجبور کیا جارہا ہے ۔ ترجمان نے چیلنج کیا کہ ایک بار بھارت جموںوکشمیر میں تعینات لاکھوں کی تعداد میں اپنے فوجی ہٹا کر اور کالے قوانین اور ظلم و جبر کی پالیسی ترک کر کے دیکھے پوری کشمیری قوم گھروں سے نکل کر ان بھارتی جھنڈوں کو آگ لگائے گی جنہیں آج کل جموںوکشمیر کی سڑکوں پر لہرایاجارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت اپنے عوام کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو کشمیر سے متعلق گمراہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اس لئے وہ مقبوضہ علاقے میں زبردستی اپنے یوم آزادی کی تقاریب منعقد کرنے اور جھنڈے لہرانے جیسے اقدامات کا سہارا لے رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کا بھارتی یوم آزادی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور اس کا عملی اظہار وہ 15 اگست کے روز مکمل ہڑتال کر کے اور یوم سیاہ منا کر دیں گے ۔