ٹویٹر نے بھارتی حکومت کے دبائو پر کانگریس پارٹی کاٹویٹر اکائونٹ بلاک کردیا راہل گاندھی سمیت متعد دپارٹی لیڈروں کے ٹویٹر اکائونٹ پہلے ہی معطل ہیں

نئی دلی 12 اگست ( ) سماجی رابطے کے نیٹ ورک ٹویٹر نے بھارتی حکومت کے دبائو پر کانگریس کے کئی لیڈرروں کے ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کرنے کے بعد اب پارٹی کا ٹویٹر اکائونٹ بھی بلاک کر دیا ہے۔
 کانگریس پارٹی نے فیس بک پر جاری ایک پوسٹ میںکہاہے کہ ٹویٹر پر پارٹی کا اکائونٹ بلاک کئے جانے کے بعد بھی ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔کانگریس پارٹی نے کہاہے کہ جب پارٹی لیڈروںکو جیلوں میں بند کیاگیا تو تب ہم نہیں ڈرے تو اب ایک اکائونٹ بند ہونے سے کیا ڈریں گے ۔ پوسٹ میں بھارتی عوام کو پیغام دیاگیا ہے کہ وہ ”ہم لڑیں گے اور لڑتے رہیں گے”۔ پوسٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ اگر عصمت دری کی متاثرہ دلت بچی کو انصاف دلانے کے لئے آواز اٹھانا جرم ہے، تو یہ جرم ہم سو بار کریں گے۔
خیال رہے راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتہ عصمت دری کے بعد قتل کی گئی 9سالہ دلت بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کی تصویر انہوں نے ٹوئٹر پر شیئر کی تھی۔ اس کے بعد راہل گاندھی کا ٹویٹر اکائونٹ معطل کردیا گیاتھا۔ راہل گاندھی کے بعدرندیپ سرجے والا، اجے ماکن ، سشمتا دیو اوردیگرسمیت کانگریس کے کئی لیڈروں کے ٹویٹر اکائونٹ ملک میں دلتوں کے حق میں آواز اٹھانے پربلاک کر دیے گئے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں مسلسل احتجاج جاری ہے ۔پارٹی کاکہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے دبائو میں ٹوٹٹر کی طرف سے کانگریس پارٹی کے رہنمائوں کے اکائونٹ بلاک کئے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں یوتھ کانگریس نے بھی بھارتی دارلحکومت نئی دلی میں موجود ٹویٹر انڈیا کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا تھا۔