کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کا پاکستان اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم

اسلام آبادی 1مارچ : کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے پاکستان اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمد حسین خطیب کی زیرصدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس میں سرینگر میں منعقدہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے فیصلے کی حمایت کی گئی جس میں دونوں ممالک کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی تعریف کی گئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ ماضی میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے سینکڑوں کشمیری شہید ہوگئے ہیں۔ دونوں ممالک نے جو فیصلہ کیا ہے وہ صحیح سمت میں ہے اور کنٹرول لائن پرکشیدگی کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور اس سے لوگوں کو راحت ملے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے امید ظاہر کی کہ بھارت ہوش کے ناخن لے گا اور طویل عرصے سے حل طلب تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے پاکستان سے بات چیت کا آغاز کرے گا۔اجلاس میں جدوجہد آزادی کے لئے سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ جب تک مظلوم کشمیری عوام آزادی حاصل نہیں کرتے اس وقت تک پاکستان اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
دریں اثناءجموںو کشمیر پیپلز مومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموںو کشمیر میں ظلم و ستم اور قتل وغارت بند کرنے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دینے پر مجبورکرے۔ عبدالمجید ملک نے ضلع باغ میں پارٹی عہدیداروں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا ہم اپنی جہدوجہد جاری رکھیں گے۔ پیپلز مومنٹ کے ضلع باغ کے صدر محمد شفیع کشمیری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیاکہ وہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے علاقے میں رائے شماری کا اعلان کرے ۔