بھارتی آئین کے تحت تنازعہ کشمیر کا کوئی حل منظور نہیں : کل جماعتی حریت کانفرنس انسانی حقوق کونسل جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کرائے،ترجمان

سرینگر ( ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے کسی بھی حل کو مسترد کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہزاروں شہدا نے بھارتی تسلط سے مکمل آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بانڈی پورہ ، اوڑی اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری حقیر سیاسی یا مادی مفادات کے لیے کسی کو تحریک آزادی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ جنگ زدہ جموں و کشمیر کا دورہ کریں اور علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری قتل و غارت ، اجتماعی عصمت دریوں اورجبری گرفتاریوں سمیت بھارتی فوجیوں کے مظالم کا خود مشاہدہ کریں۔ترجمان نے بھارت نے کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کیلئے ہر طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کئے لیکن کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو وہ ٹھنڈا کرنے میں ناکام رہا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کامشن جاری رکھیں گے اور کسی کو بھی ان کے ساتھ غداری کرنے کا اجازت نہیں دیں گے