اینٹی باڈیز فراہم کرنے والی ادویات کے حیران کن نتائج

ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کو اینٹی باڈیز فراہم کرنے والی ادویات نہ صرف کووڈ 19 کے شکار افراد کے لیے مؤثر ہیں بلکہ یہ اس سے محفوظ لوگوں کو بھی تحفظ فراہم کر سکتی ہیں۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں شائع شدہ نئی تحقیقی رپورٹس کے مطابق 2 اینٹی باڈیز کے امتزاج پر مبنی دوا سے کووڈ 19 سے متاثر افراد کے اسپتال میں داخلے یا موت کا خطرہ 70 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اس تحقیق میں شامل 10 رضا کار کووڈ 19 کے نتیجے میں ہلاک ہوئے، مگر ان کو اینٹی باڈیز کی جگہ پلیسبو استعمال کروایا گیا تھا، دوسری جانب ری جینوران فارماسیوٹیکلز نے اپنے ٹرائل کے جزوی نتائج جاری کیے ہیں۔

اس ٹرائل میں بھی اینٹی باڈیز کے امتزاج کو آزمایا جارہا تھا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ اس کی مدد سے کووڈ 19 کے مریضوں کے ساتھ موجود گھر والوں میں علامات والی بیماری کی روک تھام میں سو فیصد کامیابی حاصل ہوئی۔

ان دونوں ٹرائلز کے نتائج کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے جبکہ ری جینوران کے نتائج ٹرائل میں شامل ایک چوتھائی افراد پر مبنی تھے۔

اینٹی باڈیز ایسے پروٹینز ہوتے ہیں جو وائرس سے منسلک ہو کر اسے خلیات کو متاثر کرنے سے روکتے ہیں، مگر عام طور پر ایسا بیماری کا شکار ہونے یا ویکسی نیشن کے چند ہفتوں بعد ہوتا ہے۔

ان ادویات کا مقصد ابتدا سے ایسی ایک یا 2 اینٹی باڈیز کے ڈوز فراہم کرنا ہے جو لیبارٹری ٹیسٹوں میں کرونا وائرس کے خلاف مؤثر رہے۔

ری جینوران کے ٹرائل میں 2 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا اور جو نتائج جاری کیے گئے، وہ 409 افراد پر اس کی آزمائش کے حوالے سے تھے۔