
جدوجہد آزادی کے لئے پاکستان کی حمایت کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے
اسلام آباد 02 اگست () پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کی بھرپور اورغیر متزلزل حمایت کرتا رہا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں میں ان سے حق خودارادیت کا وعدہ کیاگیا ہے۔
ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے دنیا میں سب سے مضبوط آواز ہے اور پاکستان کی بھرپور سفارتی کوششوں کی وجہ سے یہ مسئلہ کئی بار اقوام متحدہ کے فورم پر زیر بحث آیا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرنے کے لئے کشمیریوں کا سفیر بننے کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک گزشتہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے یہ تنازعہ ہر عالمی فورم پراٹھارہا ہے۔ پاکستان مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت کے سلسلے کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری پر زوردیتا رہا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ تحریک آزادی کے لئے پاکستان کی حمایت جدوجہدمیں مصروف کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے جبکہ پاکستان کی قیادت نے باربار کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کشمیریوں کے زخموں پر مرہم کا کام کرتی ہے جو کشمیر اور پاکستان کو ایک ہی سکے کے دورخ سمجھتے ہیں۔رپورٹ میں امت مسلمہ پر زور دیاگیا ہے کہ وہ گہری نیند سے بیدار ہوجائے اور کشمیریوں کے لئے اپنی آواز بلند کرے کیونکہ کشمیریوں کی حمایت میں اٹھنے والی ہر آواز سے یقینی فرق پڑے گا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کی حمایت انسانیت کی حمایت ہے اور یہ کشمیریوں کے لئے کھڑے ہونے کا وقت ہے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔ اقوام متحدہ کے لئے بھی وقت ہے کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنے وعدوں پر عمل کرے اورمقبوضہ جموںوکشمیر میں جنگی جرائم پر بھارت سے جواب طلب کرے۔