فوجی کالونیوں کے قیام کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیات کو تبدیل کرنا

جموں 17 دسمبر :  مقبوضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن (جے کے پی اے) کے چیئرمین عاقب وانی نے فوجی کالونیوں کے قیام کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سرزمین کی نشاندہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

قابض حکام نے سابق بھارتی فوجیوں کے لئے کالونی قائم کرنے کے لئے ضلع  بڈگام میں 200 کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔

عاقب وانی نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دہلی میں مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت نے فوجی کالونیوں کے بارے میں جو شیطانی اور گھناؤنی سازش کی تھی اس کا مقصد مقبوضہ جموں کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا ہندوستانی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر کے بے گناہ لوگوں کے خلاف جنگ اور پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔

انہوں نے دنیا سے اپیل کی کہ وہ نریندر مودی کی زیرقیادت فاشسٹ ہندوستانی حکومت کی مذموم اور شیطانی سازشوں کا نوٹس لیں اور انہوں نے اس طرح کی پالیسیوں کی مخالفت جاری رکھنے کا عزم کیا۔