جموں وکشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جابر اور قابض کے سوا کچھ نہیں:فریڈم پارٹی

سرینگر02اگست () غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5اگست کو مکمل ہڑتال کرکے دنیا پر واضح کریں کہ جموں وکشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جابر اور قابض کے سوا کچھ نہیں ہے جو علاقے کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کے لئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کررہا ہے۔
ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ترجما ن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری اور انصاف پسند اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوںنے کشمیر میں فسطائی بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو تسلیم نہیں کیا۔بھارت نے 5اگست2019کو جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس کو دو یونین ٹیریٹوریز میں تقسیم کیاتھا۔ ترجمان نے کہاکہ جموںو کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور یہاں کے عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرنا ابھی باقی ہے اس لئے بھارت کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ خطے کو اپنے ملک میں ضم کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام جموں وکشمیر پر بھارتی آئین کے اطلاق کو بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی اور غیر اخلاقی مانتے ہیں اس لئے اس آئین کی ایک دفعہ کی منسوخی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنا عجیب معلوم ہوتا ہے لیکن یہ ایک ایسی دفعہ تھی جس کے تحت بھارت متنازعہ خطے کا انتظام و انصرام چلا رہا تھا اور مذکورہ دفعہ کو یکطرفہ منسوخ کرکے نئی دلی نے بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ اس کے بعد سے وہ یہاں ایسے سامراجی قوانین نافذ کرنے کی راہ پر گامزن ہے جن کا مقصد مقامی لوگوں کو دبانا اور متنازع خطے میں آبادی کا تناسب بگاڑنا ہے۔ اس نے ہزاروں کشمیری رہنماﺅں، کارکنوں اور نوجوانوں کو من گھڑت کیسوں میں پھنسا کر جیلوں میں بند کر رکھا ہے یہاں تک کہ عام شہریوں کی سانسوں پر بھی پہرے بٹھائے گئے ہیں اور جوبھی بھارت کے استعماری حربوں کیخلاف بات کرنے کی کوشش کرتا ہے اس کو کالے قوانین کے تحت پابند سلاسل کردیا جاتا ہے اور اس کے عزیز و اقارب کا جینا دوبھر کیاجاتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ ایسی صورتحال میں عوام کے پاس پر امن احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں تاکہ دنیا پر واضح کیا جاسکے کہ جموں وکشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جابر اورقابض کے سوا کچھ نہیںہے جو ریاستی دہشت گردی کا سہارا لیکر ایک پوری قوم کو خاموش کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت پسند کشمیری عوام نے یہ بات بار بار ثابت کی ہے کہ وہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کبھی ترک نہیں کریں گے اوروہ اس مطالبے پر اس وقت تک قائم رہیں گے جب تک ا ±نہیں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جائے گا۔