کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارک باد نماز عید کے اجتماعات اورجانوروںکی قربانی پر پابندی کی شدید مذمت

سرینگر20 جولائی ( ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ خصوصا ًکشمیرکے آزادی پسند عوام کو جنہیں بدترین فوجی محاصرے کے دوران تمام بنیادی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے مبارک باد پیش کی ہے ۔
 غلام احمد گلزار نے اپنے عیدپیغام میں کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف سے اپنے رب کی رضا کیلئے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کوقربانی کیلئے پیش کرنے کی یاد میں منائی جاتی ہے اور ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ رب تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نبیوں کا امام بنایا اور انہوںنے حق و صداقت کی راہ اختیار کی ۔ حریت رہنما نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی تعلیمات میں امن و خوشحالی کا آفاقی پیغام اور سنت ابراہیمی میں مظلوم ومحکوم عوام کیلئے ایک بہت بڑا سبق موجود ہے۔غلام احمد گلزار نے مقبوضہ جموںوکشمیرکے مظلوم عوام کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں ہمیں یتیموں ، بیوائوں ، جسمانی طور پر معذور افراد ،شہداء اور غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کے اہلخانہ اور معاشرے کے غریب طبقوں کوبھی شامل کرنا چاہیے ۔ حریت رہنما نے مقبوضہ جموںوکشمیر،آزاد کشمیرکے عوام اور امت مسلمہ خصوصا ائمہ کرام سے اپیل کی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور کشمیر اور فلسطین کی غیر قانونی تسلط سے جلد آزادی کیلئے خصوصی دعا کریںاوربھارت اور اسرائیل کی طرف سے دونوں مقبوضہ علاقوں کے عوام کی نسل کشی ُ، غیر قانونی نظربندی اور بنیادی حقوق سلب کئے جانے کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں ہندوتوا کے اپنے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے نماز عید کے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے اور جانوروں کی خرید و فروخت اور قربانی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی مذمت کی ۔
ادھرمقبوضہ جموںوکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر اسلام نے اپنے عید پیغا م میں کشمیری عوام اور امت مسلمہ کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوںنے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ عید کا دن ہماری زندگی میں مسرت ، امن اور خوشحالی لائے ۔