آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس پر سماعت آج پھر ہو گی

آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت آج پھر ہو گی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ 1 بجے کیس کی سماعت کرے گا جبکہ اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید خان اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا تھا بتانا ہو گا کہ تاحیات نااہلی کس بات پر ہونی چاہیے؟

جسٹس مظہر عالم نے کہا کہ ابھی جرم ہوا نہیں اور آپ رائے مانگ رہے ہیں جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم ملکی سلامتی کے خلاف کارروائی کرے تو کیا اس سے اختلاف نہیں کیا جا سکتا؟

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے تھے کہ صدر نے آئین کی تشریح کا کہا ہے، تشریح سے ادھر اُدھر نہیں جا سکتے، ممکن ہے ریفرنس واپس بھیج دیں۔