نیویارک ٹائمز سکوائر میں کشمیریوں اور سکھوں کا بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روکا جائے۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی ، سردار امتیاز گڑالوی کا خطاب

نیویارک() یوم شہداء کشمیر کے سلسلے میں امریکہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن نے نیویارک ٹائمز سکوائر میں بھارت کے خلاف  زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔مظاہرے میں عورتوں اور بچوں کے علاوہ امریکا میں مقیم سکھوں نے بھی شرکت کی ۔  مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر  اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روکا جائے ۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام عالمی آگاہی تنظیم برائے جموں کشمیر  نے  دوسری کشمیری تنظیموں کے تعاون سے کیا تھا ۔ اس  موقع پر عالمی آگاہی تنظیم برائے جموں کشمیر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی ، سردار امتیاز گڑالوی نے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت نہ دیا گیا تو جنوبی ایشیائی خطے میں پائیدار امن خطرے میں پڑ جائے گا  ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔