لاہور: لوہاری گیٹ کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

لاہور:  لوہاری گیٹ کے قریب دھماکے میں  تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

جیو نیوز کے مطابق لاہور کےعلاقے لوہاری گیٹ پر دکانوں کے قریب دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں  27 افراد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیےمیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی سی لاہور نے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی عمر 9 سال ہے اور اس کی شناخت ذیشان ہے نام سے ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہےکہ دھماکا ایک بج کر 45 منٹ پر ہوا جس کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کام کررہا ہے۔

 ذرائع کا بتانا ہےکہ  دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑ گیا ہے اور فارنزک ٹیمیں شواہد اکٹھا کر رہی ہیں ۔

پولیس نے علاقے میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ دکانوں کے پاس پلانٹڈ بم نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا ہے اورتقریباً ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکا انارکلی بازار کے داخلی راستے پر ہوا ہے اور بم نجی بینک کے قریب موجود دکانوں کے پاس نصب تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد نے دھماکے میں 20 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔