مقبوضہ کشمیر میں فوجی کی خود کشی پر بھی بی جے پی کی سیاست راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کا ستائشی بیان جاری

نئی دہلی ،سری نگر(کے پی آئی) شمالی کشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجی کی موت پر بھی بی جے پی  رہنما سیاست کرنے سے باز نہ آئے ۔ خود کشی کرنے والے بھارتی فوجی سپاہی نکھل دیما کے بارے میں بی جے پی نے دعوی کیا ہے کہ وہ  دہشت گردوں کے ساتھ ایک مقابلے میں مار اگیا تھا۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سکھبیر جوناپوریا نے  سپاہی نکھل دیما  کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے بیان بھی جاری کیا ہے۔کے پی آئی  کے مطابق سپاہی نکھل دیما  راجستھان کا رہنے والا تھا۔ نکھل دیما شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں تعینات تھا۔ نکھل دیما نے 29 جنوری2021 کو  خود کشی کر لی تھی ۔۔اوڑی پولیس نے اس سلسلے میں دفعہ 107کے تحت کارروائی کی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ  فوجی حکام  کی طرف سے اس بات کی اطلاع دی گئی کہ مذکورہ فوجی نے دوران ڈیوٹی خود کشی کی تھی۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز سپاہی نکھل دیما  کے بارے  میں بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  اس کی موت کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔