قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سانبہ میں احتجاجی دھرنا

جموں12 جولائی () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ضلع سانبہ کے سرحدی علاقوں ماوا،چلیاری ، مڈوال،پلورا، چچوال اورمنگو چک کے لوگوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف راجپورہ میں احتجاجی دھرنا دیا۔
سماجی کارکن نیتش شرما نے احتجاج کی قیادت کی۔ انہوںنے اپنے مطالبات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بجلی کے اعلی حکام علاقے کے ساتھ سوتیلی ماںکا سلوک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے لوگوں کو بہت سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے کسان بہت پریشان ہیں کیونکہ علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے۔نیتش کمارنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے موسم گرما میں بجلی کی وجہ سے علاقے کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کئی بار لوگوں نے محکمہ بجلی کے حکام کو مطلع کیا لیکن یقین دہانیوں کے باوجود محکمہ محض تماشائی بن کر دیکھ رہا ہے۔احتجاجی دھرنے میں شرکت کرنے والوں میں ترون سنگھ، سمت شرما، روڈ ن شرما، سرپنچ سچن جنکر چوہدری، سریش بسوترا، سنجے سنگھ اوررنجیت سنگھ شامل تھے۔