جموں کے مسلمانوں کے لئے اسمبلی میں نشستیں مخصوص کرنے کا مطالبہ

جموں 12 جولائی () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںجموں مسلم فرنٹ (جے ایم ایف) نے ان پانچ اضلاع کے مسلمانوں کے لئے اسمبلی میں نشستیں مخصوص کرنے کا مطالبہ کیا ہے جن میں ان کی سیاسی نمائندگی نہیں ہے۔
جے ایم ایف کی قیادت نے یہ مطالبہ حدبندی کمیشن کے دورہ جموں و کشمیر کے موقع پرجاری یک بیان میںکیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کے مسلمانوں کی کوئی سیاسی نمائندگی نہیں ہے اور نہ ہی گزشتہ 70 سال سے کسی نے ان کی نمائندگی کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ادھم پور ، جموں ، ریاسی ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بے بس مسلمانوں کو نمائندگی دی جانی چاہئے کیونکہ وہ محروم اور بغیر کسی نمائندگی کے رہتے ہیں۔ جے ایم ایف نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پہلے کسی نے ان کا معاملہ نہیں اٹھایا اور جموں کے مسلمانوں کو سیاسی پسماندگی میں رکھاگیا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے سیاسی جماعتوں کو ووٹ دیے ہیں لیکن وہ ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ہیں۔جے ایم ایف کی قیادت کا کہنا ہے جموں کے میدانی علاقوں میں مسلمانوں کے پسماندہ طبقے کو آئندہ کے اسمبلی حلقوں میں سیاسی نمائندگی دی جانی چاہیے۔جے ایم ایف کی قیادت نے کہا کہ برسوں سے ان کی لاعلمی کی وجہ سے جموں کے مسلمانوں کو احساس محرومی کا سامنا کرنا پڑا جن کو 1947 میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حکومت کو ہمارا وجود تسلیم کرتے ہوئے ہمارے لئے نشستیں مخصوص کرنی چاہیے۔