لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف منگل کو یوم شہدا ء منایا جائے گا مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی جائے گی، خصوصی پروگرامات ہوں گے

سری نگر، مظفر آباد () لائن آف کنٹرول  کے دونوں طرف منگل کو یوم شہدا ء منایا جائے گا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی جائے گی۔13 جولائی1931 کے شہدا کی  یاد میں لائن آف کنٹرول  کے دونوں طرف خصوصی پروگرامات ہوں گے جن میں شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔13جولائی کو ہڑتال کی اپیل تحریک آزادی کشمیر  کے قائد سید علی گیلانی نے کی ہے ۔تحریک آزادی کشمیر  کے قائد سید علی گیلانی نے ٹویٹر پر ایک بیان میںمنگل کے روز  مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی اپیل دھراتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اس روز اپنا کاروبار زندگی معطل رکھیں  ہڑتال کریں ۔ انہوں نے  کہاہے کہ ہ ہماری جنگ 13 جولائی ، 1931 کے شہدا ء کے مشن کا تسلسل ہے اور جموں و کشمیر کے عوام نے اس کو مستقل مزاجی اور عزم کے ساتھ جاری رکھا ہے۔  ادھر  حریت کانفرنس ،جموں و کشمیر جسٹس لیگ،کشمیر مزاحمتی تحریک، اور دوسری جماعتوں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے۔حریت کانفرنس نے 13 جولائی 1931  کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز ڈوگرہ حکمرانوں نے فائرنگ کرکے 22 کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کردیا تھا۔سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ان شہدا کا شمار کشمیر کے اولین شہدا میں ہوتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس روز کشمیریوں نے اپنے سیاسی اور معاشی حقوق کے حصول کیلئے باقاعدہ طور پر اپنی اجتماعی جدوجہد کا آغاز کیا اور تب سے لیکر آج تک کشمیری نسل در نسل اس مقصد کے حصول کیلئے برسر جدوجہد ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ 1931کے شہدا نے جس بلند نصب العین کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے کشمیری عوام اور مزاحمتی قیادت اس کی تکمیل کیلئے اپنی پر امن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے اور یہی ان شہد کے لیے  بہترین خراج عقیدت ہے