انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت کی مخالفت

نئی دہلی 23 جون ( ) بھارت کے تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے غیر قانونی طور پرنظربند سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کے خلاف درج جھوٹے مقدمے میں درخواست ضمانت کی مخالفت کردی ہے۔
شبیر احمد شاہ نے اپنی درخواست میں کہاہے کہ ان کے خلاف منی لاندرنگ کے جھوٹے مقدمے کی سماعت وبا کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے جلد مکمل ہونے کاکوئی امکان نہیں ہے۔شبیر شاہ کے وکیل ایم ایس خان نے پہلے ہی دہلی کی ایک عدالت میں سماعت کے دوران کہاتھاکہ منی لانڈرنگ میں زیادہ سے زیادہ سزا سات سال قید ہے اور ان کے موکل نے پہلے ہی اس سزا کا نصف سے زیادہ عرصہ جیل میں گزارا ہے۔ شبیر شاہ کی نمائندگی کرنے والے ایک اوروکیل ایڈوکیٹ کوثر خان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما قانون کے مطابق ضمانت پررہا ہونے کا حق رکھتے ہیں تاہم انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے دہلی کی عدالت میں سینئر حریت رہنما کو ضمانت دینے کی مخالفت کی۔ شبیر احمد شاہ کو 25 جولائی 2017 کو گرفتار کیا گیاتھا جس کے بعد وہ مسلسل نظر بند ہیں۔