
عمران خان کے بیان سے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے:حریت رہنما
سرینگر 31 مئی : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماوں اور تنظیموں نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دوٹوک بیان کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولیٹکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے ایک بیان میں عمران خان کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی تحریک کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے بیان پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کرکے تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے آگے آئے۔
جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن شبیر احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیان سے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بیان کشمیری عوام کے حقیقی جذبات کی عکاسی کرتا ہے ۔ ماس موومنٹ کے رہنما نے کہا کہ بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو بندوق نوک پر یرغمال بنا رکھا ہے۔ کشمیرفریڈم فرنٹ کے جنرل سیکرٹری محمد اکبر ڈار نے بھی سرینگر میں ایک بیان میں کشمیر کے حوالے سے عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی اوروہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اوران کی فوری رہائی کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔ انہوں نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدرولکن بوزکر کے بیان کا بھی خیرمقدم کیا۔
جموں و کشمیرینگ مینز لیگ کے وائس چیئرمین زاہد اشرف نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کشمیرکے حوالے سے دوٹوک بیان دینے پروزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بیان میں مظلوم کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی گئی ہے۔ زاہد اشرف نے کہاکہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کے خلاف نہیں لیکن 5 اگست کے بعد بھارت کے ساتھ مذاکرات کشمیری عوام اور ان کی مقدس تحریک آزادی کے لئے خطرات سے خالی نہیں۔