مقبوضہ وادی کشمیر میں معراج النبی ﷺ کے پروقار اجتماعات درگاہ حضر ت بل میں ہزاروں لوگوں نے موئے مقدس کے دیدار کیے

سرینگر13 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفے ﷺ کے سفر عرش اور وہاںرب العالمین سے روح پرور ملاقات کی مناسبت سے منائے جانے والی معراج نبی کی تقریب سعید مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید شدید بارش کے باوجود سرینگر میں واقع درگاہ حضرت بل پہنچنے جہاں انہوں نے نماز جمعہ ادا کی اور آنخضورﷺ کے موئے مقدس کے دیدار کیے۔ اس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے اور عقیدت من ہاتھ پھیلا کر اللہ تعالیٰ سے مصائب و مشکلات سے نجات کیلئے دعائیں مانگتے رہے۔ نماز عصر اور نماز مغرب کے بعد بھی یہاں موجود مرد و خواتین کو موئے مقدس کے دیدار کرائے گئے ۔ مقبوضہ وادی کے چرار شریف اور دیگر علاقوں میں واقع درگاہوں ، آستانوں اور زیارت گاہوںمیں بھی روح پر ور مجالس اور تقریبات کا اہتمام کیا گیااور لوگ اللہ تعالیٰ سے اپنی گناہوں کی بخشش او ر مشکلات و مصائب سے نجات کی دعائیں مانگتے رہے۔