برطانوی رکن پارلیمنٹ کی طرف سے نقشے میں جموں وکشمیر کو متنازعہ دکھانے پر بی بی سی کاخیرمقدم

لندن 21جنوری : برطانوی رکن پارلیمنٹ جیمس ڈیلی نے بی بی سی براڈکاسٹنگ ہاوس کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی کے نام لکھے ایک خط میں جموں و کشمیر کا نقشہ جس میں اسے ایک متنازعہ علاقے کے طور پر دکھایا گیا ہے جاری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جیمس ڈیلی نے جو برطانوی دارلعوام کے رکن ہیں”متنازعہ جموں وکشمیر کا نقشہ“ کے عنوان سے برطانوی نشریاتی ادارے کے سربراہ ٹم ڈیوی کے نام ایک خط میںبی بی سی ورلڈ سروس کی ویب سائیٹ پر جموںوکشمیر کو متنازعہ علاقہ کے طورپر ظاہر کرنے والے نقشے کے اجراءکا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نقشے میں مقبوضہ علاقے کی درست حیثیت کی عکاسی گئی ہے اور امید ظاہر کی وہ نقشے کو تبدیل یااس میں ترمیم یا اسے ہٹانے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کریں گے ۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے جموںوکشمیر کے اٹوٹ انگ ہونے کے بھارت کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کی وجہ سے اب تک بھارت اور پاکستان کے درمیان تین جنگیں اور متعدد دیگر مسلح تصادم ہو چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایسا کوئی بھی نقشہ جس میں جموںوکشمیر کو متنازعہ علاقے کے سوا کچھ اور دکھایا گیا ہو درست نہیں ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ انہیں امید ہے کہ بی بی سی اپنی یہ پالیسی جاری رکھے گی ۔