
5کشمیری ٹرک ڈرائیور بھارت میں لاپتہ اہلخانہ کو شدید تشویش لاحق
سرینگر 21جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںبھارت میں اپنے ٹرکوں سمیت لاپتہ ہونے والے پانچ کشمیری ٹرک ڈرائیور وں کے اہلخانہ کو انکی سلامتی کے بارے میں شدید تشویش لاحق ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گاندربل کے رہائشی پانچ کشمیری ٹرک ڈرائیور ارشاد احمد ، شیخ معین ، راجہ رمیز ، رئیس احمد اور عرفان چوپان جو پھلوں سے لدے دوٹرک لیکر گجرات کے ذریعے بھارتی شہر ممبئی گئے تھے بدھ کی شام سے لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے انکے اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ لاپتہ کشمیریوںکے اہلخانہ نے سرینگر میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کا اپنے پیاروں سے گزشتہ روز سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے اور ان کے فون مسلسل بند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لاپتہ ٹرک ڈرائیور دو ٹرک لیکر گجرات کے ذریعے ممبئی کیلئے گئے تھے جب انہیں ان کا ٹیلی فون موصول ہوا ہے کہ گجرات داخل ہونے پر ان کا پیچھا کیا جارہا تھا اور وہ کافی خوفزدہ تھے ۔ٹیلی فون کے بعد سے مسلسل انکی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ لاپتہ ہونے والے کشمیریوںمیں سے ایک فیس بک پر لائیو تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ گجرات میں تھے ۔ ایک اور رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ وہ گجرات میں ممبئی کی طرف ایکسپریس وے پر تقریبا 130 کلو میٹر کا سفر کر چکے تھے جب ان کے ٹیلی فون بند ہوئے ۔انہوںنے مزید بتایا کہ دونوں ٹرکوںپر پھل لدے ہوئے تھے ۔