اقوام متحدہ کشمیریوںکی مشکلات کم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، یوتھ سوشل فورم

سرینگر18جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم نے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ قراردادوںکے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرے تاکہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوںپر ڈھائے جانے والے مظالم کاخاتمہ ہو سکے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یوتھ سوشل فورم رہنماﺅں اور کارکنوں بشمول حارث احمد ، سہیل احمد ، جنید احمد ، احمد بشیر اور محمد افضل نے کولگام اور بارہمولہ میں پارٹی کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموںوکشمیرکی گھمبیر صورتحال ، گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں پر شدید تشویش ظاہر کی ۔ انہوںنے لوگوںپر زوردیا کہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔
ادھراشفاق رسول اور محمد توصیف پر مشتمل یوتھ سوشل فورم کا ایک وفد ترال میںغیر قانونی طورپر نظربند کشمیری نوجوان فیروز احمد کے گھر گیا اور انکے اہلخانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیسا۔ فیروز 2001سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں مسلسل نظربند ہے ۔ وفد نے بھارت پر زوردیا کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنماﺅںاور کارکنوںکو فوری رہا کرے ۔