
سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو 6 سال مکمل ، قوم کاشہداء کوسلام
پشاور : سانحہ آرمی پبلک سکول کے سانحے کو آج 6سال مکمل ہوگئے ، سانحے میں شہید ہونے والے اپنے پیاروں کی یاد میں والدین اور پوری قوم کی آنکھیں آج بھی پر نم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چھ سال قبل آج ہی کے دن پشاور میں دہشت گردوں دشمن نے قوم کے ننھے معماروں کو نشانہ بنایا اوراس المنا ک سانحے میں 132 معصوم جانوں سمیت 149 افراد شہید ہوئے تھے۔
16دسمبر2014 کی صبح 10 بج کر چالیس منٹ پرچھ سفاک دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کیا اور پشاور کی فضا دھماکوں اور گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھی، جدید اسلحے سے لیس امن دشمنوں نے نہتے بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا۔ سانحے میں علم کی روشنی پھیلانے والے اساتذہ نے بھی اپنی جانیں قربان کیں اور پرنسپل آرمی پبلک اسکول طاہرہ قاضی کی فرض شناسی برسوں یاد رکھی جائے گی جو دہشت گردوں اور بچوں کے درمیان دیوار بن کر کھڑی رہیں ۔ پاک فوج کے جوانوں نے تمام حملہ آوروں کو نیست ونابود کر دیا تھا۔
ان معصوم جانوں نے قربانی دے کر پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا کیا، قوم اور سیکیورٹی اداروں نے نئے عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اوران پر پاک دھرتی کی زمین تنگ کر دی۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں شہدا کی روح کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ اور قرآن خوانی کا اہتمام بھی ہوگا۔ برسی نے ننھے منے شہید بچوں کے والدین کے زخموں کو آج پھر سے تازہ کردیا، آنکھوں کے آنسو خشک ہوچکے تھے لیکن بچوں کی یاد میں آج یہ چشمے پھر سے پھوٹ پڑے ہیں۔