کراچی ٹیسٹ: کھانے کا وقفہ؛ جنوبی افریقہ کے 2 کھلاڑی آؤٹ

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے کھانے کے وقفے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنالئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم میدان میں آئے جنہوں نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 63 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب ریسی وینڈرڈوسن رن آؤٹ ہوئے، وہ 30 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا سکے۔

اس وقت ڈین ایلگر45اورڈوپلیسی 14 رنز کیساتھ وکٹ پر موجودہیں، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی میں چودہ سال بعد کھیلے جارہے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے بعد کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تاریخی ٹیسٹ میچ میں ہمارا بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنےکا پلان تھا، جنوبی افریقہ سخت حریف ہے،پلان کےمطابق کھیلیں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ بڑی ٹیم پاکستان آئی ہے، بہت پرجوش ہیں، اچھا کھیل پیش کرینگے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی سائیڈ کو آسان نہیں لینا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو میں کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج اسپنر نعمان علی اور عمران بٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دینے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں بیٹنگ کوچ یونس خان نے اوپنر عمران بٹ کو گرین کیپ دے رے ہیں جبکہ اسپنر نعمان علی کو یاسر شاہ نے ٹیسٹ کیپ دی۔

یاد رہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں کراچی میں آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔