مسلم لیگ (ن) کا لاہور بھر میں ورکرز کنونشنز اور جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) نے لاہور بھر میں ورکرز کنونشنز اور جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی ہدایت پر کل بدھ کو گلشن راوی میں ہونے والا جلسہ، غزالی سلیم بٹ کے حلقے میں ہونے والا جلسہ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کے حلقوں میں ہونے والے جلسے اور ورکرز کنونشز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اب تمام حلقوں کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سابقہ بلدیاتی نمائندوں اور ورکرز کے اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوں گے، مریم نواز ہر اجلاس کی صدارت کرینگی، تمام اجلاسوں میں مریم نواز قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق گذشتہ اتوار کو ٹھوکر نیاز بیگ پر مسلم لیگ (ن) کے عظیم الشان جلسے کے بعد شہر میں چھوٹے جلسوں کی کوئی گنجائش نہیں، چھوٹے جلسوں کے بجائے سارا زور مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نواز شریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہے’
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے لاہور کے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مرحلہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، مریم نواز شریف سے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ملاقات بھی جاری ہے۔

یونین کونسلز کی سطح پر 21 اکتوبر کو قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز شریف نے یونین کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کی اور ان کی تجاویزلیں۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ نوازشریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہے، جب سب فیل ہو جاتے ہیں تو نواز شریف آتا ہے، اللہ تعالی کے کرم سے پھر سب ٹھیک کرے گا نوازشریف، چھ سال بعد نوازشریف قوم کوپورا سچ بتائے گا تو سارے پراپگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے نواز شریف کو میدان سے ہی نکال دیا، اللہ تعالی نوازشریف کو پھر واپس لے آیا، نوازشریف کو نکالنے والے نظام سے ہی نکل گئے، یہ ہے اللہ کا نظام، چھ سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے، نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپگنڈے، بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا۔

مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدرنے کہا کہ عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایاگیا، نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی اور مل رہی ہے، نوازشریف 2017 میں گیا تو ملک کیا تھا اور چھ سال بعد آج ملک کیا سے کیا ہوگیا، جس نے کرکے دکھایا ، وہ قائد اور معمار پاکستان واپس آرہا ہے، نوازشریف گیا تو ترقی، امن اور عوامی خوش حالی بھی چلی گئی، نواز شریف جب آیا، امن، ترقی اور خوش حالی کی بہار آئی۔