
پاکستان کی ترقی کا راز ہنرمندی کی تعلیم و تربیت میں ہی پِنہاں ہے ۔ مدد علی سندھی
نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت اہل طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کیلئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا.
وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کہ لئے یہ ضروری ہے کہ تمام صوبوں میں مزید سکلز ڈیویلپمنٹ کے ادارے بناۓ جائیں جہاں شارٹ کورسز کے تحت ناجوانوں کو خود مختار بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر مدد علی سندھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کا دارومدار ہنرمندی کی اعلیٰ تعلیم و تربیت سے وابستہ ہے کیونکہ یہ وہ تعلیم ہے جس سے نوجوان نسل اپنے لیے روزگار کے مواقع تلاش کر کے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے نیشنل سکلز یونیورسٹی کے دورہ پر مسرت و اطمینان کا اظہار کیا. انکا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے نصاب تعلیم اور نظام تربیت جو کہ اعلی نوعیت کا حامل ہے، اسے دیگر صوبائی جامعات میں بھی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے معزز مہان خصوصی کے سامنے یونیورسٹی کی ابتدا سے ابتک کے ارتقائی سفر اور یونیورسٹی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی. انکا کہنا تھا کہ یونیورسٹی نے خستہ حالت سے نہایت ترقی یافتہ اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ادارے تک کا سفر نہایت خوش اسلوبی سے طے کیا ہے.
یونیورسٹی اس وقت یونیسکو-یونیووک سے پاکستان کے واحد سند یافتہ ادارہ ہونے کا منفرد اعزاز بھی رکھتا ہے۔