اعتماد سازی کی طرف ایک اور پیش رفت پونچھ میں ہندو پاک فوجی فلیگ میٹنگ میں تحائف کے تبادلے

جموں : بھارت اور پاکستانی فوجی کمانڈروں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر پونچھ راولا کوٹ کراسنگ پوائنٹ پر فلیگ میٹنگ کے دوران ایک دوسرے کوتحائف بھی دیئے گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق میٹنگ کا مقصد ڈی جی ایم اوز کے تعین شدہ اتفاق رائے کے نکات پر عملدرآمد کے لائحہ عمل کاجائزہ لینا تھا۔یاد رہے کہ  فروری کے آخری ہفتے میں ہندو پاک ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر بات چیت ہوئی تھی، اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر 2003 میںفائر بندی کے سمجھوتے پر سختی کیساتھ عملدر آمد کیا جائے۔ اس  اہم میٹنگ میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ کسی بھی صورتحال کے بارے میں طرفین ایک دوسرے کیخلاف گولہ باری یا فائرنگ نہیں کریں گے بلکہ ہاٹ لائن پر فوجی کمانڈروں کے درمیان مسئلے کا حل نکالا جائیگا۔فوجی سربراہ مکند نروانے نے بعدمیں کہا تھا کہ2003 میں ہوئی فائر بندی پر سختی کیساتھ عمل در آمد کے بعد پچھلے8سال کے دوران پہلی بار ایک ماہ میں کوئی فائرنگ یا گولہ باری نہیں ہوئی ہے۔ادھر دی جی ایم اووز کے مابین ہوئے سمجھوتے کے تناظر میں پاکستان اور بھارت کے مابین گذشتہ روز کی بریگیڈ کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگ راولا کوٹ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پرہوئی۔ ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ فائر بندی معاہدے پر من و عن عملدر آمد ہونے سے پر امن صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔میٹنگ میں اس بات پر اتفاق پیدا ہوا کہ اسے مزید مستحکم کیا جائے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے حوالے سے کوئی بھی رد عمل ظاہر کرنے سے قبل آپس مین رابطہ قائم کیا جائے۔اس دوران دونوں اطراف سے ایک دوسرے کو تحائف بھی دئیے گئے