
کشمیری بھارت سے آزادی سے کم کسی بات پر راضی نہیں ہوسکتے:غلام محمد صفی
اسلام آباد 09جولائی() کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما غلام محمد صفی نے کہاہے کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی سے کم کسی بات پر راضی نہیں ہوسکتے۔
غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے انصاف پسندی،زمینی حقائق اور تاریخی شواہد کو ہمیشہ نظر انداز کرکے سامراجی ذہنیت،ظلم و جبر اور مکر و فریب کے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے متنازعہ ریاست جموں کشمیر میں گزشتہ 75سال سے آگ اور خون کے دریا بہاکر علاقے پر اپنے غاصبانہ قبضے کو دوام بخشنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ محمد مقبول بٹ سے لیکربرہان وانی تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے مقبول ترین آزادی پسند رہنمائوں کو تختہ دار تک پہنچا کر کشمیریوں کو خوف زدہ اور خاموش کرانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن بھارت کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوا اور کشمیری قوم میں ہر سزاکے بعد ذوق جرم اور بڑھتا چلاگیا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ حریت پسند قیادت کو بدنام زمانہ جیلوں میں قید کرکے، ان کی جائیدادیں ضبط کرکے اور ان کے رہائشی مکانوں کو مسمار کرکے خوف زدہ کرنے کا بھارتی حربہ بھی ناکام ہوچکاہے۔انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی، محمد اشرف صحرائی،شیخ عبدالعزیز،افضل گورو،جنید صحرائی اور برہان وانی جیسے عظیم حریت پسند قائدین نے سرجھکانے کے بجائے سرکٹانے کوترجیع دی اور اس جدوجہد کی اپنے لہو سے آ بیاری کرکے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ یہ قوم بھارت سے آزادی اور حق خود ارادیت سے کم کسی بات پر راضی نہیں ہوسکتی چاہے اس کے لیے سولی پربھی جھولنا پڑے۔