میرواعظ کا الطاف شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش، فوری رہائی کا مطالبہ

سرینگر03اکتوبر() غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیر واعظ عمر فاروق نے 2017سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ الطاف احمد شاہ کی بیٹی رووا شاہ کے ٹویٹس کے مطابق ان کے والد کو گردوں کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے جو جسم کے دیگر حصوں میںپھیل گیا ہے اور انہیںفوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوری ضمانت دی جائے اور ان کے اہل خانہ کو ان کی دیکھ بھال کرنے دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ الطاف شاہ کی حالت نازک ہے جس کے لیے انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت سیاسی قیدیوں کی طویل نظربندی کی وجہ سے انہیں صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔جیلوں میں عدم توجہی اور علاج معالجے کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی پہلے سے خراب صحت مزید بگڑ گئی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔بیان میں کہاگیا کہ یہ جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کے لیے باعث تشویش ہے۔ بیان میں بھارتی حکومت سے اپیل کی گئی کہ جموں و کشمیر اوربھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔بیان میں کہاگیا کہ حکمرانوں کے ساتھ سیاسی اور نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر لوگوں کو نظربند کرنا بنیادی انسانی اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔ بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ بھارت اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی حکومت پر زور دیں گی کہ وہ ان سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور انہیں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات تک رسائی دے جو قیدیوں سمیت تمام لوگوں کا بنیادی حق ہے۔
دریں اثناء تحریک حریت جموں وکشمیر کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے حریت رہنما الطاف احمد شاہ سمیت تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ الطاف احمد شاہ پہلے ہی کئی عارضوں میں مبتلا تھے اور بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے وہ مزید موذی امراض کے شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علاج معالجہ ان کا قانونی اور انسانی حق ہے۔ لہذا تحریک حریت پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ تہاڑ جیل میں نظربند الطاف احمد شاہ کو جلد از جلد رہا کیا جائے تاکہ ان کے اہل خانہ ان کے بروقت علاج معالجہ کا انتظام کرسکیں۔