مقبوضہ کشمیر کے 8 اضلاع میں کریک ڈاون کے دوران300 کشمیری گرفتار معمر کشمیری خواتین اور مردوں سمیت چالیس افرادجنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے گرفتار بھارتی انٹیلی جنس بیورو کے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے سربراہ تپان ڈیکا سری نگر پہنچ گئے

سری نگر() بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے 8 اضلاع میں نہتے شہریوں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران300 سے زیادہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے ان میں سے چالیس نوجوانوں کو جنوبی کشمیر کے  شوپیاں ضلع سے گرفتار کیا گیا۔ بھارتی فورسز  نے سرینگر، شوپیاں ، بڈگام ، گاندر بل ، پلوامہ ، اسلام آباد، کولگام ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں  شہریوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا ہے گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے  بھارتی انٹیلی جنس بیورو کے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے سربراہ تپان ڈیکا  سری نگر پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں سے جماعت اسلامی اور حریت کارکنوں سمیت کم از کم چالیس نوجوان گرفتار کیے گئے ۔ بھارتی پولیس معمر خواتین اور مردوںکو بھی پوچھ گچھ کیلئے تھانوں میں طلب کر رہی ہے ۔ بھارتی فورسز نے 5اگست 2019کے بعد ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر  میں جبر واستبداد کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور ہر طرف خوف و دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ستر برس سے زائد عمر کی خواتین کو بھی تھانوں میں طلب کر کے ہراساں کیا جا تا ہے ۔