کینیڈا اور انڈیا نے ایک دوسرے کے سفیر ملک بدر کر دیے

کینیڈا میں خالصتانی سکھ رہنما کے قتل میں ممکنہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں کینیڈا سے انڈین سفارتکار کی ملک بدری کے جواب میں انڈیا نے بھی کینیڈا کے سینیئر سفارتکار کو ملک سے نکال دیا ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے انڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ خالصتان حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں انڈیا ملوث ہو سکتا ہے۔

جبکہ کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ملک بدر کیے گئے انڈین سفارتکار پون کمار کینیڈا میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سربراہ تھے۔

کینیڈین وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیانات کے جواب میں انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا ہے کہ ’انڈیا نے کینیڈین سفارت کار کو ملک بدر کر دیا ہے۔ کینیڈا کے ہائی کمشنر کو آج طلب کر کے انڈین حکومت کے اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ سفارتکار کو اگلے پانچ دنوں کے اندر انڈیا چھوڑنے کو کہا گیا ہے۔