جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسلہ کشمیر کا حل ضروری ہے،پروفیسر عبدالغنی بٹ پیپلز لیگ کے وفد کی سرینگر میں سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ سے ملاقات

سری نگر: جموں و کشمیر میںجموں وکشمیر پیپلز لیگ کے وفد نے سرینگر میں سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پارٹی چیئرمین مختار احمد وازہ کر رہے تھے اور ان کے ہمراہ شبیر احمد ، جاوید احمد اور عارف احمد بھی تھے۔آزادی پسند رہنمائوں نے اس موقع پر کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے جو جنوب ایشیائی خطے میں عدم تحفظ اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔کے پی آئی  کے مطابق  پروفیسر عبدالغنی بٹ اور مختار احمد وازہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو یہ صورتحال جنوبی ایشیامیں جوہری تباہی کا باعث بن سکتی ہے اور دنیا اس کے خطرناک نتائج سے بچ نہیں سکتی۔